دبئی انڈسٹریل سٹی کا گلف فوڈ 2026ء میں فوڈ اینڈ بیوریج ماحولیاتی نظام شو کیس کرنے کا اعلان

دبئی: (سید مدثر خوشنود سے) دبئی انڈسٹریل سٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ گلف فوڈ 2026ء میں اپنے فوڈ اینڈ بیوریج ماحولیاتی نظام کو شو کیس کرے گا، جہاں صنعت سے وابستہ اداروں، تیاری کے یونٹس اور جدت پر کام کرنے والی کمپنیوں کو نمایاں کیا جائے گا۔

گلف فوڈ 2026ء سے پہلے دبئی نے خوراک اور مشروبات کی صنعت میں اپنی تیاری، جدت اور مینوفیکچرنگ صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اقدامات تیز کر دیے ہیں، رپورٹ کے مطابق گلف فوڈ رواں ماہ کی 24 سے 26 تاریخ تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ساتھ دبئی ایگزیبیشن سینٹر (ایکسپو سٹی) میں بھی منعقد ہوگا، جس سے ایونٹ کا دائرہ اور کاروباری سرگرمی مزید وسیع ہونے کی توقع ہے۔

دبئی انڈسٹریل سٹی کے مطابق یہ شو کیس خوراکی صنعت میں پائیداری، سپلائی چین، جدید پیداواری طریقوں اور جدت پر مبنی حلوں کو سامنے لانے کی کوشش ہے، تاکہ عالمی خریداروں اور سرمایہ کاروں کیلئے دبئی کو ایک بڑے مینوفیکچرنگ اور تجارتی مرکز کے طور پر مزید مضبوط کیا جا سکے۔

پاکستانی کاروباری برادری کیلئے اس ایونٹ کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ گلف فوڈ میں پاکستان کی کمپنیوں کی روایتی طور پر نمایاں موجودگی رہی ہے۔

اس موقع پر پاکستانی قونصلیٹ دبئی کے کمرشل ونگ سے وابستہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر علی زیب خان کا کردار بھی اہم سمجھا جا رہا ہے، جو پاکستانی کمپنیوں کی بین الاقوامی نمائشوں میں رسائی اور کاروباری مواقع بڑھانے کیلئے رابطہ کاری اور سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں