مریدکے: ریس لگاتی کاروں نے پیدل چلتے 2 بھائیوں کو کچل دیا، ایک جاں بحق
مریدکے: (دنیا نیوز) ریس لگاتی کاروں نے پیدل چلنے والے دو بھائیوں کو کچل دیا۔
مین روڈ پر حادثے میں ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، حادثے کے فوری بعد دونوں شدید زخمی بھائیوں کو تشویشناک حالت میں لاہور ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال پہنچ کر ایک بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے ضروری کارروائی کے لئے لاش کو تحویل میں لے لیا جبکہ ایک کار کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جسے جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔