ذاتی ڈاکٹرز کی زیرنگرانی علاج بانی پی ٹی آئی کا حق ہے: سہیل آفریدی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج ذاتی ڈاکٹرز کی نگرانی اور فیملی کی موجودگی میں ہونا آئینی حق ہے۔
پختونخوا ہاؤس اسلام آباد کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کے علاج میں رکاوٹیں سنگین سوالات پیدا کر رہی ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوئی عام قیدی نہیں، وہ سابق وزیراعظم اور بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں، ذاتی ڈاکٹرز اور فیملی کو نہ ملانے سے شکوک و شبہات مزید بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان اپنی مدد آپ کے تحت کئی دنوں سے پُرامن احتجاج کر رہے ہیں، آفیشل کال آئی تو عوام کو کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہایک گملا تک نہ ٹوٹنا پی ٹی آئی کے پُرامن احتجاج کا ثبوت ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت کا معاملہ سیاست سے بالاتر ہے، اگر رپورٹس درست ہیں تو ذاتی ڈاکٹرز اور فیملی کو ملنے سے کیوں روکا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پُرامن دھرنا جاری ہے، پی ٹی آئی ایک منظم سیاسی جماعت ہے، کوئی ہجوم نہیں، کال دینے کا اختیار صرف بانی پی ٹی آئی کی نامزد کردہ قیادت کے پاس ہے۔