’قدوسی صاحب کی بیوہ‘ کے بعد مختلف کرداروں کی پیشکش نہیں ہوئی، وقار حسین

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی میڈیا انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار و سلیبریٹی میک اپ آرٹسٹ وقار حسین کا کہنا تھا کہ ڈرامہ سیریل قدوسی صاحب کی بیوہ کے بعد انہیں نئے اور مختلف نوعیت کے کرداروں کی پیشکش نہیں کی گئی۔

حال ہی میں انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انڈسٹری میں پائے جانے والے متعصب رویوں اور اندرونی معاملات پر کھل کر گفتگو کی کہ مذکورہ ڈرامے کے بعد یہ تاثر قائم ہو گیا تھا کہ وہ کسی مختلف نوعیت کا کردار ادا نہیں کر سکتے حالانکہ وہ کسی منفرد اور چیلنجنگ کردار کے منتظر تھے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میک اَپ آرٹسٹس کو بعض پروڈیوسرز اور ستاروں کی جانب سے ہتک آمیز رویّے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کئی بڑے اداکار اپنے ذاتی میک اَپ آرٹسٹس کو سیٹ پر ساتھ لاتے ہیں جس کے باعث دیگر سینئر فنکاروں کے لیے حالات بعض اوقات غیر منطقی ہو جاتے ہیں۔

وقار حسین نے بتایا کہ بعض اوقات انہیں یہ کہہ کر بلایا جاتا ہے کہ وہ پوری ٹیم کا میک اَپ کریں جبکہ مرکزی اداکار یا اداکارہ اپنا ذاتی آرٹسٹ ساتھ لاتے ہیں، جو پیشہ ورانہ طور پر نامناسب طرزِ عمل ہے۔

واضح رہے کہ وقار حسین کا شمار پاکستان کی بیوٹی انڈسٹری کے نمایاں ترین میک اپ آرٹسٹس میں ہوتا ہے، وہ ایک باصلاحیت اداکار بھی ہیں اور ڈرامہ سیریل قدوسی صاحب کی بیوہ میں عبد الودود کے کردار نے انہیں غیر معمولی شہرت دلائی تھی تاہم اس کے بعد وہ ڈراموں میں کم ہی دکھائی دیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں