متحدہ عرب امارات کی خیبر پختونخوا اور پنجاب میں دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں پولیس افسران کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جن کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
اماراتی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا کہ وہ ان مجرمانہ کارروائیوں کو یکسر مسترد کرتی ہے اور سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچانے والی ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے۔
یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کی اس رپورٹ کے مطابق کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات متاثرہ خاندانوں، اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔
امارات نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ وہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مستقل عزم کا حامل ہے اور دنیا بھر میں امن، سلامتی اور قانون کی بالادستی کے لیے فعال کردار جاری رکھے گا۔