بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے گلگت بلتستان کا زمینی رابطہ منقطع
گگلت: (دنیا نیوز) بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گلگت بلتستان کا ملک کے دیگر شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
حکام کے مطابق شاہراہ قراقرم اپر کوہستان کے مختلف مقامات پر بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی جگہوں پر راستے بند ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو گئی۔
راستے بند ہونے کے باعث سیکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق سڑکوں کی بحالی کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی جلد بحال کی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راستے میں پھنسے 60 مسافروں کو محفوظ مقام پر قائم پناہ گاہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔