عمان پر حالیہ حملوں کے بعد پاکستان کا اظہارِ یکجہتی، سفارت کاری کی بحالی پر زور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے مشرق وسطیٰ اور وسیع تر خطے میں تیزی سے بدلتی اور سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

 دفترِ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے خطے میں مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے فروغ کے لیے عمان کے تعمیری اور اصولی کردار کو سراہا۔

انہوں نے عمان پر حالیہ حملوں کے تناظر میں حکومت اور عمان کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اس موقع پر پاکستان کے اس مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تحمل، فوری کشیدگی میں کمی اور سفارت کاری کی جانب واپسی انتہائی ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں کشیدگی کم کرنے، امن کے فروغ اور استحکام کے لیے ہونے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں