آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا، سردی کی شدت برقرار

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں جاری بارش اور برفباری کا سلسلہ رک گیا، تاہم موسم سرد ہونے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارش اور برفباری نے دسمبر کے موسم کی یاد تازہ کردی جبکہ سرد ہواؤں کے باعث درجہ حرارت مزید کم محسوس کیا جا رہا ہے۔

بارش اور برفباری کے بعد دریائے نیلم اور جہلم میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق وادی لیپہ سمیت دیگر بالائی علاقوں کی شاہراہوں پر پھسلن کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بالائی علاقوں کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں