امریکا کا ایران کے سکول پر حملہ جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہے: ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ واشنگٹن سارہ یاگر کا کہنا ہے امریکا کی جانب سے ایران میں سکول پر حملے سے جنگی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔
سارہ یاگر نے کہنا تھا کہ امریکی فوج کی جانب سے ایران کے سکول پر حملے کی تحقیقات کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حملہ کرنے والوں نے جان بوجھ کر بچوں سے بھرے سکول کو نشانہ نہ بھی بنایا ہو تو اسے غلطی قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ نے یہ بھی کہا کہ امریکی فوج پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتی جو کہ اس معاملے میں نہیں کی گئیں۔
سارہ یاگر نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایران کے شہر مناب میں لڑکیوں کے سکول پر میزائل حملہ ممکنہ طور پر امریکی فوج کی جانب سے ہوا، تنازعات کے دوران شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے امریکی فوج میں اصلاحات اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔