عید الفطر کے موقع پر پاک فوج کے شہدا کو پوری قوم کا خراج عقیدت

راولپنڈی: (دنیا نیوز) عیدالفطر جیسے خوشیوں اور محبت کے تہواروں کے موقع پر شہیدوں کی یادیں بھی تازہ ہوجاتی ہیں، عید الفطر کا تہوار ہمیں ان عظیم بیٹوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک و قوم کے تحفظ کی خاطر اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ملتان کے سپوت سپاہی سرمد سعید شہید کی جدائی کا غم اپنی جگہ مگر ان کی لازوال قربانی خاندان کے لیے باعثِ فخر بن گئی، سپاہی سرمد سعید (شہید) نے گزشتہ سال پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

سپاہی سرمد سعید شہید کے والدین کا عید الفطر کے موقع پر کہنا ہے کہ انکا بیٹا بہت بہادر تھا جس کی شہادت پر بہت فخر ہے، بیٹے نے سینے پر گولیاں کھا کر بھی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہوا، میرا ایک اور بیٹا بھی ہے ملک کی حفاظت کیلئے ضرورت پڑی تو اسے بھی پیش کرنے کیلئے تیار ہوں، دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔

لانس نائیک محمد اجمل شہید کے بیٹے نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے شہید والد پر ہمیشہ فخر رہے گا اور ہم ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، پاک فوج کے آپریشن غضب للحق پر پوری قوم کو فخرہے۔

صوبیدار محمد سرور شہید کی بیٹی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد 10 مئی 2013 کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں شہید ہوئے، میرے والد سینے پر گولیاں کھانے کے باوجود آخری دم تک دشمن کا مقابلہ کرتے رہے، مجھے انکی شہادت پر فخر ہے۔

یہ عید ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہماری خوشیاں ان عظیم قربانیوں کی مرہونِ منت ہیں، شہداء ہمارے ہیرو ہیں اور ان کے لواحقین ہمارا فخر ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں