امریکا کو اندازہ ہوتا کہ جنگ 2 ہفتے بھی چلے گی تو وہ حملہ نہیں کرتا، خورشید شاہ

سکھر: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ امریکا کو اندازہ ہوتا کہ جنگ 2 ہفتے بھی چلے گی تو وہ حملہ نہیں کرتا۔

سکھر میں عید ملن پارٹی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ نے کہا کہ یہ جنگ ایران امریکا کی معاشی جنگ میں تبدیل ہوچکی ہے، دنیا میں معاشی مشکلات شروع ہوچکی ہیں، سارے ملک امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات رکھنا چاہتے تھے، وہ اب پیچھے ہٹ رہے ہیں۔

پی پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ان مسلم ممالک پر بمباری ہو رہی ہے جہاں امریکی اڈے ہیں، جنگ جتنا طویل چلے گی اتنے برے اثرات پڑیں گے، ہمیں ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے، جن ممالک سے امریکی اڈے استعمال نہیں ہو رہے وہاں ایران کو حملے نہیں کرنے چاہئیں، ایران کا بہت نقصان ہوا ہے مگر وہ بھرپور طاقت کے ساتھ کھڑا ہے۔

خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ اس جنگ سے پاکستان کے لیے بڑی مشکلات سامنے آسکتی ہیں، جنگ روکنے کے لیے پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، کوئی شک نہیں کہ افغانستان اسرائیل اور بھارت کے ہاتھوں استعمال ہو رہا ہے۔ افغانستان نے ہماری مہمان نوازی کا بدلہ اس طرح دیا، یہ افسوسناک عمل ہے، کوئی مسلم ملک اس طرح نہیں کرسکتا جو افغانستان کر رہا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں