بلوچستان میں پولیس اور اے ٹی ایف کی کارروائی، دو دہشتگرد ہلاک

دکی:(دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع دکی میں پولیس اور اے ٹی ایف کی کارروائی کے دوران دو دہشتگرد مارے گئے۔

لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں پولیس اور اے ٹی ایف کے آپریشن کی قیادت ڈی آئی جی پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے کی۔

اِس حوالے سے جنید احمد کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں متعدد وارداتوں میں مطلوب دو دہشتگرد مارے گئے جب کہ اے ٹی ایف کا ایک جوان زخمی ہوا ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، دونوں دہشتگرد ماہ رمضان میں کلی بختیار خان میں ایف سی پر ہونے والے حملے کے دوران پانچ اہلکاروں کو شہید کرنے سمیت دیگر متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔

جنید احمد شیخ کا مزید کہنا تھا کہ مارے گئے دہشتگردوں میں ثناء اللہ ولد ہیبت مری اور جمالہان ولد دولت عرف دولے مری شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں