امریکا ایران جنگ: یوکرین اور سعودیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط
جدہ: (دنیا نیوز) امریکا ایران جنگ میں مسلسل حملوں کے بعد سعودی عرب کا اہم اقدام، یوکرین اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدہ پر دستخط ہوگئے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور یوکرینی صدر زیلنسکی کی جدہ میں ملاقات ہوئی، علاقائی کشیدگی اور یوکرین بحران پر بات چیت ہوئی، دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی روابط میں مزید پیش رفت کا امکان ہے۔
یوکرینی صدر کا کہنا ہے معاہدہ مستقبل کے ٹھیکوں، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کا احاطہ کرے گا، یوکرین کے پاس روس جنگ میں ڈرون دفاع کا وسیع تجربہ ہے۔
— Volodymyr Zelenskyy / Володимир Зеленський (@ZelenskyyUa) March 27, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرینی ماہرین خلیجی ممالک میں ڈرون حملوں سے نمٹنے میں مدد فراہم کریں گے۔
یوکرین کے صدر نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنی مہارت اور نظام فراہم کرنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں، یوکرین گزشتہ 5 برس سے بلیسٹک میزائلز اور ڈرونز کے اسی طرح کے دہشت گردی کے حملوں کی مزاحمت کررہا ہے، جیسے اس وقت ایران کی حکومت مشرق وسطیٰ اور خلیج میں حملے کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے پاس بھی ایسی صلاحیت ہے جو یوکرین کے مفاد کا باعث ہے اور یہ تعاون دونوں کے لیے فائدہ مند ہوسکتا ہے۔
زیلنسکی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے حوالے سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مشرق وسطیٰ اور خلیج میں مجموعی صورت حال، روس کی ایرانی حکومت کو مدد، تیل کی مارکیٹ میں پیش رفت اور توانائی کے شعبے میں ممکنہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔