حکومت کا بیرونِ ملک سے آنے والی فون کالز کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے بیرونِ ملک سے آنے والی فون کالز کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع وزارت آئی ٹی کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والی کالز کی ریگولیشن کا مقصد حکومتی آمدن،سیکیورٹی اور شفافیت کو بہتر بنانا ہے، بیرون ممالک سے کالز لانگ ڈسٹنس انٹرنیشنل ایل ڈی آئی کے ذریعے کی جاتی ہیں۔
وزارت آئی ٹی نے بیرونِ ملک سے آنے والی کالز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے پی ٹی اے کو پالیسی ڈائریکشن دی ہے، بیرون ملک سے کالز پر ریگولیشن کے لیے متعلقہ کمپنیوں اور اداروں سے مشاورت کا عمل جاری ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد بیرون ممالک سے آنے والی کالز کو ریگولیٹ کرنے کی منظوری اتھارٹی دے گی۔
ذرائع کے مطابق ریگولیشن سے کالز کے نظام میں چیک اینڈ بیلنس، ریونیو اور سکیورٹی کا نظام مؤثر ہوگا، پی ٹی اے کی بیرونِ ملک سے کالز کے نظام پر نگرانی کرنے کی تیاری جاری ہے، پی ٹی اے انٹرنیشنل ٹیلی کام ٹریفک پر کنٹرول سخت کرے گی، انٹرنیشنل کالز کی ریگولیشن سے مقامی آپریٹرز اور ایل ڈی آئی کمپنیوں کا کردار بڑھے گا۔