نیول چیف سے ترک جنرل لیونت ارگُن کی ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (دنیا نیوز) ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف جنرل لیونت ارگُن نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کا استقبال چیف آف دی نیول سٹاف نے کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، اسرائیل، امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں خطے کی بحری سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے، بالخصوص تربیت اور مشترکہ فوجی مشقوں کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے۔

چیف آف دی نیول سٹاف نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا، جبکہ ترک جنرل نے میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ میں پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ترک فوج کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اسٹریٹجک تعلقات اور محفوظ و مستحکم بحری ماحول کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں