آپریشن غضب للحق: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں افغان طالبان رجیم کی بدترین پسپائی
راولپنڈی: (دنیا نیوز) آپریشن غضب للحق میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں افغان طالبان رجیم کی بدترین پسپائی ہوئی۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے سرحد پار حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے افغان طالبان کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملادیا، افغان میڈیا نے بھی پاکستان کے ہاتھوں بزدل افغان طالبان رجیم کی شرمناک ہزیمت کی تصدیق کر دی۔
افغان میڈیا کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کیساتھ حالیہ جھڑپوں کے بعد افغان طالبان صوبے نورستان اور کنڑ میں سرحدی چوکیاں چھوڑ کر فرار ہوئے، افغان طالبان سرحدی چوکیوں سے پسپائی کے بعد مساجد میں ناصرف چھپ گئے بلکہ عام شہریوں کے روپ میں علاقوں سے فرار بھی ہوگئے۔
قبائلی عمائدین کے مطابق افغان طالبان سکیورٹی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام اور اپنی عبرتناک شکست چھپانے کیلئے غلط معلومات پھیلا رہے ہیں، افغان طالبان رجیم کی غفلت نے عوام کو فاقہ کشی پر مجبورکیا۔
افغان میڈیا کے مطابق مقامی آبادی نے مدد کیلئے پاکستانی سکیورٹی فورسز سے رجوع کرنے کاعندیہ دیدیا۔
ماہرین کے مطابق طالبان رجیم کیخلاف حالیہ کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر یہ واضح پیغام دے دیا کہ اب دہشتگردوں کی سرپرستی برداشت نہیں کی جائے گی۔