اسرائیل بیروت کے ہسپتالوں کے اطراف سے جاری انخلا کا حکم واپس لے: ڈبلیو ایچ او کا مطالبہ

نیویارک: (دنیا نیوز) عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیروت کے علاقے جنہ میں واقع دو بڑے ہسپتالوں کے اطراف سے جاری انخلا کے حکم کو واپس لے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اس حکم سے رفیق حریری یونیورسٹی ہسپتال اور الزہراء ہسپتال متاثر ہو رہے ہیں، جہاں مجموعی طور پر تقریباً 450 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 40 انتہائی نگہداشت میں ہیں اور ان کے لیے منتقلی کی کوئی جگہ موجود نہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کے مطابق یہ دونوں ہسپتال مکمل گنجائش کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور بدھ کے روز ہونے والے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کا بھی علاج کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسی علاقے میں 5 ہزار سے زائد بے گھر افراد عارضی پناہ گاہوں میں موجود ہیں، اسرائیل سے اپیل کرتے ہیں کہ اس حکم کو واپس لیا جائے اور تمام طبی مراکز، طبی عملے، مریضوں اور عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں