دنیا کو تباہی سے بچانے پر ہمارے ہمسائے ممالک کو بھی شکر گزار ہونا چاہیے: احسن اقبال
نارووال:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا کو تباہی سے بچانے پر ہمارے ہمسائے ممالک کو بھی شکر گزار ہونا چاہیے۔
اپنے آبائی علاقے نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ احسن اقبال کا نارووال میں دنیا کی نگاہیں پاکستان کی طرف لگی ہوئی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ جنگ جس کے شعلے پورے خطے کو جھلسنے لگے تھے، وہ جنگ جس نے پوری دنیا کی معیشت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، دنیا میں مہنگائی قہر بن کر ٹوٹی تھی، غربت مہنگائی میں پاکستان سمیت پوری دنیا میں اضافہ ہوا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جنگ بند کروانے کیلئے اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت سے نوازا ہے، امریکہ، ایران کے مندوب امن مذاکرات کرنے کے لئے اسلام آباد میں موجود ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر صاحب کو مبارکباد دیتے ہیں اِن کی کامیاب کوششوں سے پاکستان کو عزت وہ ملی ہے جس نے ہمارے دوستوں کو سینہ فخر سے چوڑا کر دیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے ہمسائے ملک بارڈر سے اِدھر نظر ڈالیں تو دھواں اٹھتا نظر آئے گا، وہ اس موقع پر کوئلہ کی طرح جل کر راکھ ہو رہے ہیں،وہ نہیں جانتے کہ یہ جنگ نہ رکتی تو ہندوستان کے اندر بھی کروڑوں عوام بھوک غربت بیروزگاری کا شکار ہو جاتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج جو پاکستان کام کر رہا ہے ہندوستان کو حسد کرنے کی بجائے پاکستان کا شکر گزار ہونا چاہیے، پاکستان نے دنیا کو بھی تباہ ہونے سے بچا لیا اور ہندوستان کو بھی بچا لیا ہے ، اللہ تعالی مسلم لیگ ن کی حکومت میں پاکستان کو عزت سے نواز رہا ہے۔