وزیرِاعظم سے جاپانی ہم منصب کا رابطہ، ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف سے جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم دفتر کے اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کو آج جاپان کی وزیرِاعظم سانائے تاکائیچی کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، گفتگو میں اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ اعظم تاکائیچی نے جنگ بندی اور مذاکرات کے انعقاد میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا اور امن قائم کرنے کے عمل کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے مذاکرات کے انعقاد، علاقائی استحکام اور عالمی توانائی کی سلامتی کو اہم قرار دیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے جاپانی ہم منصب کی نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکا اور ایران کے وفود کے اسلام آباد میں ہونے والے تفصیلی مذاکرات پر شکر گزار ہیں، پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب اور ترکیہ جا رہے ہیں جہاں مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال پر بات چیت ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں