ترکیہ میں ایاز صادق سے عالمی رہنماؤں کی ملاقاتیں، پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا
استنبول:(دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی مکمل ختم کرنے کیلئے فریقین تحمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
ترکیہ کے استنبول میں خلیجی ممالک کے سپیکرز اور ایرانی وفد سے اہم ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ امریکا، ایران تنازع میں پاکستان کی امن کوششوں کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔
اُنہوں نے کہا کہ47 سال بعد ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے خطے میں ہم آہنگی کے لیے تمام فریقین کو تحمل اور ایک دوسرے کے خلاف کارروائی سے گریز کا مشورہ بھی دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اختلافات کے حل کے لیے صبر اور حقیقت پسندانہ طرزِ عمل اپنانا ناگزیر ہے، مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی اسرائیل کے عزائم کو تقویت دے رہی ہے۔
دوسری جانب عمان، قطر، یو اے ای اور بحرین کے پارلیمانی سربراہان نے سردار ایاز صادق سے بھی ملاقاتیں کیں، عالمی پارلیمانی رہنماؤں نے پاکستانی وفد کو امن کوششوں پر مبارکباد دی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے بحرین اور یو اے ای کو تحمل اور احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات دشمن کو فائدہ پہنچا رہے ہیں،مسلم دنیا کو اتحاد کے ذریعے فلسطین اور کشمیر جیسے مسائل پر توجہ دینا ہوگی۔
عمانی چیئرمین شوریٰ کونسل نے بحران میں پاکستان کے کردار کو قابلِ تقلید قرار دیا، فریقین نے اتفاق کیا کہ کسی بھی کشیدگی کا نتیجہ تباہی اور نقصان ہی ہوتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سے ایرانی کے پارلیمانی وفد کی منو چہر متکی کی سربراہی میں استنبول میں ملاقات ہوئی اور ایرانی قیادت نے پاکستانی قیادت کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دے دیا۔
ایرانی وفد نے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی عظیم مثال قائم کی۔
اُنہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی اعلی ظرفی اور دور اندیشی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا،
جس پر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات ہی خطے کے استحکام کی ضمانت ہیں، پاکستان کا مسلم دنیا میں اتحاد اور یکجہتی کیلئے اپنا بھرپور کردار جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے، اخراجات میں کمی کے تحت محدود پارلیمانی وفد کانفرنس میں شرکت کی ہے۔
دوسری جانب اُن کا مزید کہنا تھا کہ وفد کے اراکین نے دورے کے اخراجات خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قطری سپیکر
علاوہ ازیں قطری سپیکر نے پاکستان کی امن کاوشوں کو تاریخی قرار دے دیا اور کہا پاکستان کی امن کوششوں سے مسلم امہ میں اتحاد کو فروغ مل رہا ہے جب کہ خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا، خطے میں فوری جنگ بندی اور جارحانہ اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا۔