پنجاب میں سب سے بڑی میراتھن اور سائیکلنگ ریس کل ہوگی

لاہور:(دنیا نیوز) سپورٹس بورڈ پنجاب کے تحت ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے میراتھن اور سائیکلنگ ایونٹ کی تمام تیاریاں مکمل ہو گئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس 2026 کل(اتوار) ہوگی، جس میں میں 11 ہزار سے زیادہ ایتھلیٹس اور شہریوں کی شرکت متوقع ہے، ایونٹ میں صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر سمیت دیگر صوبائی وزرا بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

21 کلومیٹر میراتھن اور سائیکلنگ ریس کا آغاز صبح 6 بجے لبرٹی چوک سے ہوگا، جبکہ خواتین کے لیے 5 کلومیٹر کی میراتھن اور سائیکلنگ ریس بھی اسی مقام سے شروع کی جائے گی، اس کے علاوہ 2 کلومیٹر فیملی فن ریس اور ایک کلومیٹر ویل چیئر ریس بھی ایونٹ کا حصہ ہوں گی۔

ایونٹ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے وائس چیئرمین ملک سلمان، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی بھی موجود ہوں گے۔

یوتھ افیئرز اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطابق تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں