چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کو بااختیار بنانے کیلئے نئی پیشرفت
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو، سارہ احمد (تمغہ امتیاز) کا اہم اقدام، چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کو بااختیار بنانے کیلئے نئی پیشرفت سامنے آگئی۔
چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور سکل نیسٹ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم بچوں کو ہنر مند بنانے کے لیے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا ہے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیرِ کفالت بچوں کو جدید فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔
سارہ احمد نے کہا کہ معاہدے کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی، تخلیقی فنون و بیوٹیشن اور دیگر شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کےہر بچے کو خودمختار اور بااعتماد بنانا ہی میرا اولین عزم ہے، تین ماہ کے تربیتی پروگرامز کے ذریعے بچوں کو باوقار روزگار کے قابل بنایا جائے گا۔
چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا تھا کہ بچوں کی بحالی اور معاشی خود انحصاری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، تربیت کے کامیاب اختتام پر قومی سطح کے سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق تحفظ کے ساتھ ساتھ بچوں کو روشن مستقبل دینا ہے، محفوظ، باوقار اور دوستانہ تعلیمی ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ دونوں ادارے تربیتی عمل کی نگرانی اور رپورٹنگ مشترکہ طور پر کریں گے، بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لیے مؤثر اشتراک قائم ہو گا۔