لبنان اسرائیل مذاکرات ایران معاملے سے الگ ہیں: جوزف عون
بیروت: (دنیا نیوز) لبنانی صدر جوزوف عون نے کہا کہ لبنان کے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات ایران معاملے سے الگ ہیں۔
لبنانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری درخواست پر امریکی صدر کی مداخلت سے جنگ بندی اور مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی، جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے امریکی صدر ٹرمپ سے رابطے جاری ہیں۔
جوزف عون کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ بات چیت کی قیادت سابق سفیر سائمن کرم کریں گے، سائمن کرم امریکا میں لبنان کے سفیر رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ لبنان 2 مارچ کو اس وقت جنگ میں شامل ہوا جب ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللّٰہ نے اسرائیل پر حملے کیے۔
حزب اللّٰہ کے مطابق یہ حملے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کے ردِعمل میں کیے گئے، جنہیں اسرائیل نے 28 فروری کو جنگ کے پہلے دن نشانہ بنایا تھا، جبکہ اسرائیل پر نومبر 2024ء میں طے پانے والی جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے لبنان پر جاری حملوں میں اب تک 2 ہزار سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔