قطر کی امریکا اور ایران سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطوں کی تصدیق

دوحہ: (دنیا نیوز) قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے بحران کے تناظر میں اہم سفارتی سرگرمیوں کی تصدیق کر دی ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق دوحہ اسلام آباد میں متوقع مذاکرات سے قبل تمام متعلقہ فریقین، بشمول امریکا اور ایران، سے مسلسل رابطے میں ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں مذاکرات ہی مسئلے کا واحد قابلِ عمل حل ہیں جبکہ قطر اس مرحلے پر امریکا-ایران مذاکرات کی ناکامی پر بات کرنے سے گریز کر رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے ثالثی کردار کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق عالمی برادری بھی امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی حمایت کر رہی ہے کیونکہ آبنائے ہرمز کا بحران اب صرف علاقائی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ بنتا جا رہا ہے، ترجمان نے زور دیا کہ اس بحران کا حل کسی ایک ملک کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

قطر نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور بھائی چارے کو مزید فروغ دیں، پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات موجود ہیں جو اب مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

مزید برآں، قطری حکام نے خبردار کیا کہ ہرمز کی ممکنہ بندش کے اثرات عالمی سطح پر محسوس ہو رہے ہیں، حتیٰ کہ گھریلو سطح پر حرارتی نظام اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں