پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت نے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2025 گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں پیش ہوا جس کے تحت پنجاب فلم سٹی اتھارٹی سے فلم سازی، ڈرامہ، ڈاکیومنٹری کی سرپرستی کی جائے گی، علاوہ ازیں اتھارٹی کو اخراجات کے لئے حکومت پنجاب فنڈ کرے گی، اتھارٹی کو فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے بھی فنڈ دیا جائے گا۔

اس اتھارٹی کے باعث نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف ہوگا، فلم سازوں کو سہولیات، اجازت ناموں اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت ملے گی جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات دی جائیں گی مزید براں فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کے باعث نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے ٹریننگ پروگرامز شروع کیے جائیں گے، فلم انڈسٹری کے لیے فنڈنگ، گرانٹس اور سبسڈی کا نظام متعارف ہوگا جبکہ پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو فلم کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا، اتھارٹی فلم انڈسٹری سے متعلق شکایات اور مسائل کے حل کی مجاز ہوگی۔
بل 2 ماہ کے لئے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا جبکہ کمیٹی 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی بعد از کمیٹی منظوری بل پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا، بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں