اسرائیل کا شمالی غزہ میں ڈرون حملہ، 3 بچوں سمیت 5 فلسطینی شہید

غزہ: (دنیا نیوز) شمالی غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے وفا کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی کے علاقے بیت لاہیا پروجیکٹ میں ایک مسجد کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں متعدد افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسرائیل کی فوج اور آبادکاروں کی جانب سے فلسطین کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ اور مغربی کنارے میں مزید 11 فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔

عرب میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایک نومولود بچہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا تھا، خان یونس میں 3 فلسطینی مارے گئے تھے جبکہ وسطی غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک اور شہری شہید ہوا تھا۔

شمالی غزہ میں سمندر کی جانب سے بھی شیلنگ کی گئی تھی جس میں بے گھر خاندانوں کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جبالیہ کیمپ میں ایک بچہ زخموں کے باعث 10 روز بعد دم توڑ گیا تھا جبکہ شجاعیہ میں خیموں پر دھماکہ خیز مواد گرائے جانے سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔

غزہ وزارت صحت نے بتایا تھا کہ جنگ بندی کے باوجود 784 فلسطینی شہید اور2 ہزار 214 افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک 72 ہزار 560 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 72 ہزار 560 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں