روس کی پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت، ایران۔امریکا کشیدگی پر مشاورت
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ روابط اور خلیجی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق 7 مئی کو ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان آئندہ سفارتی رابطوں کے شیڈول پر گفتگو کی گئی، جبکہ خلیج فارس میں جاری صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران روسی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے حل کے لیے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔
روسی حکام نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اسلام آباد کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفارت کاری اور مذاکرات ہی موجودہ تنازعات کا مؤثر حل ہیں۔
دونوں جانب سے روس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون اور مسلسل رابطوں کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔