فیراری نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک کار 'Luce' متعارف کرادی
روم: (دنیا نیوز) لگژری سپورٹس کار ساز Ferrari نے اپنی پہلی مکمل الیکٹرک گاڑی ’Luce‘ متعارف کرا دی ہے، جس کا اطالوی زبان میں مطلب ’روشنی‘ ہے۔
کمپنی نے یہ اہم قدم ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب کئی حریف کمپنیاں الیکٹرک گاڑیوں کی کم طلب کے باعث اپنی ای وی حکمت عملی پر نظرثانی کر رہی ہیں۔
چار دروازوں پر مشتمل یہ ماڈل فیراری کی تاریخ کی پہلی پانچ نشستوں والی گاڑی قرار دی جا رہی ہے۔ گاڑی کے ڈیزائن میں Jony Ive اور ان کے تخلیقی ادارے لوو فرام کے اشتراک کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
روایتی فیراری اسپورٹس ڈیزائن کے برعکس "Luce" کو زیادہ کشادہ اور شیشے سے مزین انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ اس کے اندرونی حصے میں چمڑا، شیشہ اور اینوڈائزڈ ایلومینیم استعمال کیا گیا ہے جبکہ مکمل ٹچ اسکرین نظام کے بجائے روایتی فزیکل بٹن بھی رکھے گئے ہیں۔
کارکردگی کے لحاظ سے بھی یہ گاڑی نمایاں خصوصیات رکھتی ہے، تقریباً 2.2 ٹن وزنی اس کار میں چار الیکٹرک موٹرز نصب ہیں، ہر پہیے کے لیے ایک موٹر دی گئی ہے، جو مجموعی طور پر 1000 سے زائد ہارس پاور پیدا کرتی ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس کی رفتار 310 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہے جبکہ ایک مکمل چارج پر یہ 500 کلومیٹر سے زائد فاصلے تک سفر کر سکتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ الیکٹرک ہونے کے باوجود فیراری نے اپنی روایتی ڈرائیونگ حس برقرار رکھنے کے لیے انجن جیسی لرزش اور احساس کو کیبن کے اندر منتقل کرنے کا انتظام بھی کیا ہے۔
600 لیٹر بوٹ اسپیس اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس اس لگژری گاڑی کی قیمت تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار یورو (تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر) رکھی گئی ہے۔
کمپنی کے سی ای او Benedetto Vigna کے مطابق یہ منصوبہ پانچ سال کی محنت کا نتیجہ ہے جبکہ اس کی ڈیلیوری 2026 کی آخری سہ ماہی میں شروع ہونے کی توقع ہے۔