مصری صدر کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ، مذاکراتی عمل کی حمایت کا اعادہ
قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے کی جاری کوششوں سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصری حکام کے مطابق صدر السیسی نے موجودہ مذاکراتی عمل کے لیے مصر کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جامع معاہدے کے حصول کے لیے سفارتی بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
مصری صدر نے کہا کہ مصر خطے میں جاری بحرانوں کے پُرامن حل کی حمایت کرتا ہے اور خلیجی ممالک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ لچک کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات یا غلط اندازوں سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مذاکراتی عمل کے حوالے سے مصر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران خطے کے تمام ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔