ملک کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر شہروں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدید گرم رہے گا، تاہم لاہور، حافظ آباد، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور گردونواح میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے دوران موسم شدید گرم، رات کے وقت مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ زیریں اضلاع میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور اور مالاکنڈ کے چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ گرمی کی شدت انسانی صحت پر براہِ راست اثر انداز ہو سکتی ہے۔