امریکا کے ایرانی فوجی تنصیبات پر نئے حملے، متعدد ڈرونز بھی مار گرائے
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی فوج نے ایران کی فوجی سائٹ پر نئے حملے کئے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق اس فوجی سائٹ کو آبنائے ہرمز میں امریکی افواج اور تجارتی بحری ٹریفک کے لئے خطرہ قرار دیا گیا تھا، حملوں کا مقصد امریکی افواج، آبنائے ہرمز میں تجارت جہازوں کو لاحق خطرہ ختم کرنا تھا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے اس حملے کی تصدیق کی ہے، اس سے قبل ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے رپورٹ کیا تھا کہ ایرانی بندر گاہی شہر بندر عباس کے مشرق میں مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دھماکوں کی درست جگہ اور ان کی نوعیت فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی، رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بندر عباس کے فضائی دفاعی نظام کو مختصر وقت کے لئے فعال کر دیا گیا تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے متعدد ایرانی ڈرونز بھی مار گرائے۔