وزیراعظم کا ملائیشیا کے ہم منصب سے رابطہ، عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں نے ملائیشیا کی قیادت اور عوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
دوران گفتگو ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی شہباز شریف اور پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد دی، اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملائیشین وزیراعظم نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہوں اللہ تعالیٰ وزیراعظم پاکستان اور ان کی ٹیم کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے، پاکستان کا امن اقدام قائداعظم کے وژن اور نظریے کے عین مطابق ہے، انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امن اقدام کی حمایت پر ملائیشین ہم منصب سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ امن کی کوششوں میں ملائیشیا سمیت برادر ممالک کے تعاون نے اہم کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل کی انتھک کوششوں اور نائب وزیراعظم کے فعال کردار کے باعث کامیابی ملی۔