سعودی وزیر خارجہ کا بحرینی ہم منصب سے رابطہ، ایرانی حملے کی مذمت
ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اپنے بحرینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں جاری خطرناک علاقائی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا۔
سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے بحرین پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اپنے ہمسایہ ملک بحرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے بحرین کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور مسلسل رابطہ کاری کی ضرورت ہے، تاکہ علاقائی کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔