ہاکی کو چلانے والے ہی قومی کھیل کے ساتھ کھلواڑ کرنے لگے

لاہور: (دنیا نیوز) پرو ہاکی لیگ سے پہلے مینجمنٹ میں کون جائے گا اور کون نہیں تاحال فائنل نا ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق پروہاکی لیگ کے لیے ٹیم میں ردوبدل کے بعد گول کیپنگ کوچ مظہر عباس کو نہ لے کر جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گول کیپنگ کوچ مظہر عباس کو پرو ہاکی لیگ روانگی سے تین روز قبل ہی گھر بھیج دیا گیا، مظہر عباس کے تمام سفری معاملات بھی مکمل کر لیے گئے تھے جبکہ مظہر عباس کا ویزا، فنگر پرنٹس سمیت تمام چیزیں فائنل تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مظہر عباس کی ٹکٹ بھی بک ہو چکی تھی، مینجمنٹ نے مظہر عباس کو بغیر وجہ بتائے گھر رہنے کا کہا، مظہر عباس کو ایڈوانس ڈیلیز بھی ادا کر دی گئیں تھیں، مینجمنٹ نے اب مظہر عباس سے ایڈوانس ڈیلیز واپس کرنے کا کہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق کپتان وسیم احمد کے بطور کوچ ٹیم کو جوائن کرنے کا امکان ہے جبکہ آسٹریلیا میں مقیم وسیم احمد بیلجیئم میں ٹیم کو جوائن کرسکتے ہیں۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ پاکستان ہاکی سکواڈ 20کھلاڑیوں اور 5 آفیشلز پر مشتمل ہوگا اور تمام سفری معاملات مکمل کرلیے گئے ہیں، منظورالحسن ہیڈکوچ، وسیم احمد کوچ اور خواجہ جنید ٹیم منیجر اور کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

اس کے علاوہ سلطان اشرف ویڈیو اینالسٹ اور فہد جاوید بطور فزیو ٹیم مینجمنٹ میں شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم لاہور میں آج آخری ٹریننگ سیشن کرے گی اور ٹیم 9 جون کی شام لاہور سے کراچی اور 10جون کی صبح بیلجیئم روانہ ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں