پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن متعارف کرا رہے ہیں : مریم نواز

لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن متعارف کرا رہے ہیں ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی پبلک ٹرانسپورٹ کیو آر پینک بٹن سے پہلے سے زیادہ محفوظ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اور محفوظ پنجاب کے عزم کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن متعارف کرا رہے ہیں، کیو آر پینک بٹن عوامی ٹرانسپورٹ بشمول بسوں، رکشوں اور ٹیکسیوں میں کیو آر پینک بٹن مہیا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خواتین، بچوں، بزرگوں اور ہر مسافر کا تحفظ میری اولین ترجیح ہے، ایک سکین سے گاڑی اور ڈرائیور کی تفصیلات فوری طور پر معلوم کی جا سکیں گی اور مسافر اپنی لائیو لوکیشن اہلِ خانہ کے ساتھ فوری شیئر کر سکیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں ایمرجنسی 15 سے وائس کال، ویڈیو کال اور لائیو چیٹ ممکن ہوگی، کیو آر پینک بٹن کے ذریعے مسافر کی لوکیشن اور گاڑی کی معلومات فوری کنٹرول روم تک پہنچیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کنٹرول روم سے ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور فوری پولیس رسپانس یقینی بنایا جائے گا، گاڑی مالکان اور ڈرائیورز پی ایس سی اے ویب سائٹ اور ایپ سے مفت کیو آر پینک بٹن حاصل کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ایس سی اے کی مقامی اختراع نے پنجاب میں سفر کو مزید محفوظ بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے، ہر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑی کو ایک محفوظ اور مربوط سیفٹی پوائنٹ میں تبدیل کر رہے ہیں۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ اب مدد صرف ایک سکین کی دوری پر ہوگی، پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کے تحفظ کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں