پینٹاگون میں خطرناک مواد کی موجودگی، عمارت جزوی طور پر خالی کرالی گئی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزارتِ دفاع کی ہیڈ کوارٹر پینٹاگون کی عمارت میں مشتبہ خطرناک مواد کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد عمارت کے متعدد حصوں میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے عمارت کی کئی منزلوں اور کوریڈورز کو بند کر دیا جبکہ اندر موجود عملے اور افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر لیا گیا۔
پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے پینٹاگون کی عمارت کو گھیرے میں لے لیا ہے اور اندر اور باہر کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق خطرناک مواد سے نمٹنے والی ہنگامی ہیزمیٹ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں، عمارت میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ مواد کس نوعیت کا ہے، البتہ پینٹاگون انتظامیہ اور متعلقہ حفاظتی ادارے واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات کر رہے ہیں۔