مظفرآباد ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت

راولپنڈی: (دنیا نیوز) مظفرآباد میں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ راولپنڈی کے چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کے اہلِ خانہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے، شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

دریں اثنا دو مسیحی فوجیوں کی آخری رسومات راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں ادا کی گئیں، جن میں سیاسی و عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا کی نماز جنازہ کے موقع پر کہا شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں، وطن کے دفاع، امن اور خودمختاری کیلئے فوج کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ قوم شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں