مشرق وسطیٰ کا تنازع: عالمی بینک نے معاشی سست رفتاری بارے خبردار کر دیا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کا تنازع عالمی معیشت کی رفتار کو اس حد تک سست کر سکتا ہے کہ اقتصادی ترقی کی شرح کووڈ 19 وبا کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ جائے۔

عالمی بینک کی تازہ عالمی اقتصادی امکانات رپورٹ کے مطابق ادارے نے 2026ء کے لئے عالمی اقتصادی ترقی کا تخمینہ 2.9 فیصد سے کم کرکے 2.5 فیصد کر دیا ہے۔

رپورٹ میں توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، افراط زر میں اضافے اور قرض لینے کی بڑھتی لاگت کو اس کمی کی اہم وجوہات قرار دیا گیا ہے، امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے باوجود کشیدگی دوبارہ بڑھنے کا خطرہ برقرار ہے جس سے عالمی معیشت کو نمایاں نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ توانائی کی سپلائی میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں تو معاشی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش نے عالمی تیل، گیس اور تجارتی سپلائی چینز پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔

برطانوی خام تیل کی اوسط قیمت رواں سال 94 ڈالر فی بیرل رہ سکتی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 36 فیصد زیادہ ہے، کھادوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا جس سے دنیا بھر میں خوراک کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔

توانائی کی سپلائی مزید متاثر ہوئی تو عالمی اقتصادی ترقی کی شرح 1.3 فیصد تک گر سکتی ہے جبکہ مہنگائی بڑھ کر 4.4 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے، ترقی پذیر ممالک بحران کا سب سے زیادہ سامنا کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں