ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے 16 سے 20 جون 2026 کے دوران ملک کے بالائی اور مختلف میدانی علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 جون سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے۔

پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک اور چکوال میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، نارووال اور سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور سرگودھا میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

جنوبی پنجاب کے اضلاع خوشاب، میانوالی، بھکر، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور ساہیوال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع دیامر، استور، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غذر، گانچھے اور شگر میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح جنوبی و وسطی اضلاع میں بھی بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے ژوب، کوئٹہ، خضدار، لسبیلہ اور دیگر اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، گھوٹکی اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کراچی اور حیدرآباد میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے مطابق اپنی زرعی سرگرمیوں کو ترتیب دیں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو بالائی علاقوں کے سفر میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے، متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں 18 جون تک شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں