ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنگ بندی معاہدے کی تصویر شیئر کردی
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ جنگ کے خاتمے کےلیے طے پانے والے معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔
مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یہ ایک تاریخی دستاویز ہے اور ایک طاقتور ایران کا پیغام ہے کہ امن باہمی احترام کے سائے میں حاصل کیا جائے گا۔
انہوں نے معاہدے کی تصویر بھی شیئر کی، جس پر ان کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ثالثی کا کردار ادا کرنے والے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کے دستخط بھی موجود ہیں۔
— Masoud Pezeshkian (@drpezeshkian) June 18, 2026
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے معاہدے پر دستخط کردیے، وزیراعظم شہباز شریف کے بھی بطور ثالث معاہدے پر دستخط موجود ہیں، پاکستان نے بطور ثالث معاہدے کی توثیق کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کی بنیاد ثابت ہوگا، پیش رفت ممکن بنانے اور امن و علاقائی استحکام آگے بڑھانے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک محنت نہایت اہم رہی۔
وزیراعظم نے معاہدے پر صدر ٹرمپ ، سپریم لیڈر آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای اور ایرانی صدر کو مبارک باد بھی دی۔