جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم پہلی مرتبہ جولائی میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقہ انڈر 19 کے پہلے دورۂ پاکستان میں میزبان پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول کی گئی ہے۔

پانچ میچوں پر مشتمل سیریز 14 سے 24 جولائی تک کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی جبکہ میچوں کے اوقات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم 10 جولائی کو کراچی پہنچے گی اور 11 سے 13 جولائی تک نیشنل بینک سٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے گی، دونوں ملکوں کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ میچز 17، 19، 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے اپنی آخری دوطرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی تھی، جہاں قومی ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔

پی سی بی کے مطابق یہ سیریز پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کو رواں سال ہونے والے اے سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور اگلے سال شیڈول آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے ویمنز کرکٹ ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں کراچی میں انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپوں کا انعقاد بھی کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں