انسانی اعضا کیس: چینی شہریوں سمیت 5 ملزم جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں انسانی اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے گرفتار پانچ ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
ڈیوٹی جج میاں اظہر ندیم کی عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ملزمان کو پیش کیا گیا، عدالت نے دلائل سننے کے بعد تین غیر ملکی اور دو پاکستانی ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے اور ہوٹا ٹیم نے گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر ایف-7 میں کارروائی کرتے ہوئے چینی باشندوں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا تھا، کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں انسانی پلاسنٹا برآمد کیا گیا، جس میں تازہ، خشک اور پراسیس شدہ پلاسنٹا کا ذخیرہ بھی شامل تھا۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ملزمان مختلف اسپتالوں سے انسانی پلاسنٹا حاصل کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق پلاسنٹا پشاور، راولپنڈی اور لاہور کے مختلف ہسپتالوں سے جمع کیا جاتا تھا، جسے بعد ازاں پراسیس کرکے بیرون ملک بھیجا جاتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پراسیس شدہ انسانی پلاسنٹا کو بھیڑ کے اعضا ظاہر کرکے ایکسپورٹ کرتے تھے تاکہ حکام کو دھوکا دیا جا سکے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر تمام ملزمان کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے، کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔