کارگل کی جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی آج برسی منائی جا رہی ہے

لاہور: (دنیا نیوز) 1999ء میں کارگل کے محاذ پرعزم و ہمت کی داستان رقم کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان کی آج برسی منائی جا رہی ہے۔

کپیٹن کرنل شیر خان ملٹری اکیڈمی سے براہ راست 27 سندھ رجمنٹ میں تعینات ہونے والے پہلے افسر تھے، کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو کارگل کے معرکے میں دشمن کے دانت کھٹے کر کے تاریخی شکست دینے اور شہادت کا درجہ پاکر زندہ جاوید ہونے پر پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی ہمت، جرات، وطن سے محبت اور بہادری کا بر ملا اعتراف دُشمن نے بھی کیا، وہ 1996ء میں کیپٹن بنے، تعلیم کا شعبہ ہو یا کھیل کا انہوں نے سب میں ہی اپنے آپ کو منوایا۔

انہیں ابتدا ہی سے ہتھیاروں سے بہت پیار تھا، وہ ایک ممتاز فائرر، نشانے باز بھی تھے، انہیں اپنے قوت بازو پر مکمل بھروسہ تھا اور وہ پی ایم اے کے ہر شوٹنگ مقابلے کا حصہ رہے۔

شہیدِ وطن کے یومِ شہادت کے موقع پر مسجدوں میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا، شہدا کی قربانیاں ہمیں اتحاد اور یگانگت کا درس دیتی ہیں جو قومیں اپنے شہدا کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں