ایرانی و قطری وزرائے خارجہ کا رابطہ، آبنائے ہرمز واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی تازہ صورتحال، بالخصوص آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیشرفت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے علاقائی مسائل کے حل کیلئے سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے باہمی رابطے اور قریبی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ایران اور قطر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ موجودہ علاقائی بحران کے پرامن حل کیلئے سفارتی کوششوں اور مسلسل رابطوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔