میہڑ تصادم، ام رباب چانڈیو کے قریبی رشتہ دار قتل، فریقین کے ایک دوسرے پر الزامات

میہڑ: (دنیا نیوز) چانڈیہ برادری کے دو گروپوں کے درمیان تصادم کے دوران فائرنگ سے ام رباب چانڈیو کے قریبی رشتہ دار ریاض چانڈیو جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ زرعی زمین کے تنازع پر پیش آیا، جہاں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

ام رباب چانڈیو نے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا کہ صبح ان کی زمینوں پر ٹریکٹر چلائے جا رہے تھے، جس کے بعد مرتضیٰ چانڈیو اور سکندر چانڈیو نے 10 مسلح افراد کے ہمراہ فائرنگ کی، ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ان کا چچا زاد بھائی ریاض چانڈیو قتل ہوگیا۔

ام رباب چانڈیو نے کہا کہ پہلے بھی وہ اپنے تین پیاروں کے جنازے اٹھا چکی ہیں، آج ایک بار پھر ان کے خاندان کو نشانہ بنایا گیا، انہوں نے سندھ پولیس کے کردار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف، چیف جسٹس پاکستان اور آئی جی سندھ سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی جی سندھ واقعے کا جائزہ لیں، سخت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، کیونکہ ان کی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

دوسری جانب الزام کی زد میں آنے والے مرتضیٰ چانڈیو نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ام رباب چانڈیو بلاجواز ان کا اور ان کے عزیزوں کا نام مقدمے میں شامل کر رہی ہیں۔

انہوں نے آئی جی سندھ اور ایس ایس پی دادو سے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اصل ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور بے گناہ افراد کو مقدمے میں شامل نہ کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں