اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نجی شعبے کو طویل المدتی کنسیشن کے تحت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) نجکاری کمیشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو طویل المدتی کنسیشن کے تحت نجی شعبے کے حوالے کرنے کے عمل میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کو مالیاتی مشیر مقرر کر دیا ہے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق اے ڈی بی کے ساتھ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کے معاہدے کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا عمل بین الاقوامی معیار اور شفاف طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔

کمیشن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ مسابقتی بولی کے ذریعے کی جائے گی تاکہ اہل سرمایہ کاروں کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

دوسری جانب اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس اقدام کا مقصد ایئرپورٹ کی آپریشنل کارکردگی میں بہتری، مسافروں کو جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی، اور ایئرپورٹ خدمات کو بین الاقوامی بہترین معیار کے مطابق بنانا ہے۔

مزید برآں نجکاری کمیشن بورڈ نے بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی کو مالی سال 2025-26 سے 2027-28 تک تین سال کے لیے بیرونی آڈیٹر مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ کمیشن نے اس تقرری کا مقصد مالیاتی نگرانی کو مزید مؤثر بنانا اور نجکاری پروگرام میں شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں