اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے رابطہ، امریکہ، ایران کشیدگی پر تبادلہ خیال
اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جون 2026 میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے باوجود خطے میں دوبارہ پیدا ہونے والی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں بڑھتا ہوا تناؤ کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں اور اس سے علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) July 11, 2026
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کا مالدیپ کی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، 61ویں یومِ آزادی پر مبارکباد دی
دوسری جانب اسحاق ڈار نے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ثالثی کی جاری کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے مناسب وقت اور موقع فراہم کریں۔
ٹیلی فونک گفتگو کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر مسلسل رابطے میں رہنے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔