روٹی کی قیمت پر حکومت اور نان روٹی ایسوسی ایشن میں ڈیڈ لاک، 25 روپے کرنے کا اعلان
لاہور: (دنیا نیوز) روٹی کی قیمت کے معاملے پر حکومت اور متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے درمیان ایک بار پھر ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا، جبکہ ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں روٹی کی قیمت 25 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ لاہور کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث تندور مالکان شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور آٹے کی بوری مہنگی ہونے سے روٹی کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا، جس کے باعث تندور مالکان کو کاروبار جاری رکھنے میں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا، تاہم تاحال مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔
نان روٹی ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ روٹی کی قیمت کا ازسرنو تعین موجودہ آٹے کی قیمت اور پیداواری لاگت کے مطابق کیا جائے اور حکومت فوری طور پر سرکاری نرخوں پر نظرثانی کرے۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو تندور مالکان روٹی کی قیمت 25 روپے کرنے، تندور بند کرنے اور احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔