کاغان، ناران میں لینڈ سلائیڈنگ، گلگت روڈ بند، ٹریفک معطل
پشاور: (دنیا نیوز) کاغان اور ناران میں شدید بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہو گئیں۔
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ اور بٹہ کنڈی کے مقام پر ٹریفک معطل ہو گئی، تاہم مشینری اور عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا۔
حکام کے مطابق جھیل سیف الملوک کا راستہ کھول دیا گیا ہے لیکن دوبارہ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر سیاحوں کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رحم دل خان نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت کے لیے جھیل سیف الملوک کا راستہ بند رکھا گیا ہے اور شہری سفر سے قبل راستوں کی صورتحال ضرور معلوم کریں۔
انہوں نے بتایا کہ بٹہ کنڈی روڈ کو عارضی طور پر کھولا گیا تھا، تاہم مزید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث یہ سڑک دوبارہ بند ہو گئی، جس سے گلگت جانے والا راستہ بھی متاثر ہوا ہے۔
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق بھاری مشینری کی مدد سے راستے بحال کرنے کا کام جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments