صدر پوتن نے چینی شہریوں کیلئے روس میں ویزا فری داخلے کی مدت بڑھا دی
ماسکو: (شاہد گھمن ) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایک صدارتی فرمان کے ذریعے چینی شہریوں کے لیے روس میں بغیر ویزا داخلے کی سہولت میں توسیع کرتے ہوئے اس کی مدت 31 دسمبر 2027 تک بڑھا دی ہے۔
سرکاری قانونی معلومات کے پورٹل پر شائع ہونے والے فرمان کے مطابق پہلے یہ سہولت 14 ستمبر 2026 تک مؤثر تھی، تاہم نئے حکم نامے کے تحت اس کی مدت میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔
روسی حکام کے مطابق چینی شہری 30 روز تک بغیر ویزا روس میں قیام کر سکتے ہیں، یہ فیصلہ باہمی تعاون کے اصول کے تحت کیا گیا ہے۔
اس سے قبل مئی 2026 میں چین نے بھی روسی شہریوں کے لیے اپنے ہاں ویزا فری قیام کی سہولت کو 2027 کے اختتام تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ صدر ولادیمیر پوتن نے یکم دسمبر 2025 کو ایک فرمان پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت باہمی بنیاد پر چینی شہریوں کو 30 روز تک روس میں بغیر ویزا داخلے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ چین نے 15 ستمبر 2025 سے روسی شہریوں کے لیے بھی اسی نوعیت کا ویزا فری نظام نافذ کیا تھا۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، تجارتی روابط، سرمایہ کاری اور عوامی تبادلوں کو مزید فروغ ملے گا اور روس۔چین اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments